سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی آمنے سامنے
مریم نواز نے سینیٹ اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اصولی فیصلہ ہوچکا کہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر (ن) لیگ کا ہوگا، جس پر پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما پرویز اشرف کا موقف ہے کہ پی پی سینیٹ کی بڑی اپوزیشن پارٹی، قائد حزب اختلاف ہمارا حق ہے
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ اصولی فیصلہ ہوچکا ہے کہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر ن لیگ کا ہوگا، اور اصول کے تحت تمام جماعتیں اس فیصلے کی پابند رہیں گے۔ لیگی رہنما نے کہا کہ کوشش ہے کہ پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتیں متحد رہیں، پیپلزپارٹی کا اپنا فیصلہ ہے کہ وہ پی ڈی ایم کے ساتھ رہے یا نہ رہے، سینیٹ الیکشن میں تمام جماعتیں یوسف رضا گیلانی کی حمایت کررہی تھیں، اور اب اصولی فیصلہ ہو چکا ہے کہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر (ن) لیگ کا ہوگا، اس حوالے سے مولانا فضل الرحمان سے بھی بات ہوچکی ہے، اصول کے تحت تمام جماعتیں اس فیصلے کی پابند رہیں گے، کسی کی ہارجیت کے بعد تبدیلی کی کوئی گنجائش نہیں۔
پیپلز پارٹی کے رہنماراجہ پرویز اشرف نے کہا کہ سینیٹ میں پی پی پی کی اکثریت ہے ،لہذا اپوزیشن لیڈرہمارا ہی ہونا چاہیے ، امید ہے معاملہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد میں خوش اسلوبی اور متفقہ طور پر جمہوری روایات کے مطابق طے ہو جائے گا، پرویز اشرف نے کہا کہ پی ایم ایل(ن) نے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کے لئے اپنا امیدوار نامزد کر دیا ہے اور پی ڈی ایم سے اپنے امیدوار کے لئے توثیق چاہتی ہے، پیپلزپارٹی 21سینٹرز کے ساتھ سب سے بڑی اپوزیش پارٹی ہے اور جمہوری روایات کے مطابق حزب اختلاف کا عہدہ پیپلزپارٹی کو ہی ملنا چاہیے۔
جاتی امرا میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، حکومت نے عوام کا کچھ نہیں چھوڑا، ابھی عوام سنھلے نہیں اور ان پر مہنگائی کا ایک پہاڑ گرا دیا گیا ہے، حال ہی میں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا، اسٹیٹ بینک کو عالمی اداروں کا ذیلی ادارہ بنایا جارہا ہے، یہ لوگ ملک کو کہاں پہنچانا چاہتے ہیں، حکومتی اقدامات ملکی دفاع کے لیے خطرہ بن گئے، ہم پاکستان کی آذادری اور خود مختاری کے ساتھ کھڑے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ڈی ایم متحد ہے اور اس کی 9 جماعتیں ایک سوچ پر متحد ہیں، باہمی رابطوں سے معاملات حل کرنے کی کوشش کررہےہیں، پیپلزپارٹی کی سی ای سی کے فیصلے کا انتظارکریں گے، ان سے کہیں گے کہ وہ 9 جماعتوں کے فیصلے پر غور کرے، ان کے ساتھ معاملات کو موثر انداز میں بہتر کریں گے اور ان کے دلائل پر مزید غور کرنے پر تیار ہیں۔
Comments
Post a Comment